کیپ ٹاؤن ٹیسٹ کے چوتھے روز پاکستان کی دوسری اننگز میں بیٹنگ جاری ہے۔ گرین شرٹس کو جنوبی افریقا کی پہلی اننگز کا خسارہ ختم کرنے کے لیے مزید 109 رنز درکار ہیں۔
پاکستان نے دن کا آغاز 213 رنز ایک کھلاڑی آؤٹ سے کیا۔ شان مسعود 103 اور خرم شہزاد 8 رنز کے ساتھ کریز پر موجود تھے۔ خرم شہزاد 18 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، جبکہ کامران غلام 28 رنز پر پویلین لوٹ گئے۔ تاہم شان مسعود نے شاندار بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھا اور وہ 137 رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں۔ ان کا ساتھ سعود شکیل دے رہے ہیں، جو 16 رنز بنا چکے ہیں۔
جنوبی افریقا نے پہلی اننگز میں 615 رنز بنائے تھے، جس کے جواب میں پاکستان کی ٹیم پہلی اننگز میں صرف 194 رنز پر آؤٹ ہو گئی تھی اور فالو آن کا شکار ہوئی۔
دو میچوں کی سیریز میں جنوبی افریقا کو پہلے ہی ایک صفر کی برتری حاصل ہے۔ سنچورین ٹیسٹ میں پروٹیز نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد پاکستان کو دو وکٹوں سے شکست دی تھی۔